Monday 1 April 2024

موسی نبی کا واقعہ قرآن میں پڑھیں

 موسی نبی کا واقعہ قرآن میں پڑھیں

ساگر تیمی
ہم تو کہيں گے آپ بھی رمضان میں پڑھیں
گھر میں ہوں بند یا کہيں میدان میں پڑھیں
ہوگا اضافہ آپ کے ایمان میں پڑھیں
موسی نبی کا واقعہ قرآن میں پڑھیں
فرعون چاہتا تھا کہ بچوں کا قتل ہو
کوئی بچے نہیں کہ کہیں اس کا قتل ہو
بیٹی بچائی جائے مگر بیٹا قتل ہو
یوں اس کے مارے جانے کا اندیشہ قتل ہو
لیکن اسے اللہ کی حکمت پتہ نہیں
موسی پہ کیسی ہونی ہے رحمت پتہ نہیں
اس کے ہی گھر میں ملنی ہے عزت پتہ نہيں
اس نور سے چھٹے گی یہ ظلمت پتہ نہيں
موسی جواں ہوئے تو جوانی نےشان لی
ظالم کو ایک گھونسا لگایا تو جان لی
سازش کی اطلاع ملی موسی نے مان لی
یوں شہر سے نکلنے کی بندے نے ٹھان لی
نکلے جو دور چور تھکن سے ہوئے نڈھال
پروردگار میرے نکلنے کی رہ نکال
کنویں میں اپنی قوت بازو سے ڈول ڈال
موسی نے لڑکیوں کی حیا کا رکھا خیال
شادی کی بات طے ہوئی انعام بھی ملا
بکری چرانے کا انہیں اک کام بھی ملا
لوٹے جو اپنے ملک تو اکرام بھی ملا
لینے گئے جو آگ تو پیغام بھی ملا
اب حکم یہ ملا کہ محبت کی راہ چل
ظلم وستم کے بیچ بھی حکمت کی راہ چل
فرعون کی طرف بھی تو دعوت کی راہ چل
لے ساتھ اپنے بھائی کو عظمت کی راہ چل
جب معجزہ دکھایا گيا حق تھا سامنے
جادوگروں کو لایا گيا حق تھا سامنے
سجدے میں سر جھکایا گيا حق تھا سامنے
فرعون کا سہارا گيا حق تھا سامنے
پھر معرکہ ہوا تو بڑا معجزہ ہوا
موسی کےلیے بحر میں بھی راستہ ہوا
فرعون دریا برد ہوا واقعہ ہوا
مرنے کو مرگيا مگر عبرت کدہ ہوا
اللہ کےنبی کی مگر تھی عجیب قوم
بچھڑے کو پوجنے لگی یہ بدنصیب قوم
ظلمت سے کب نکلتی بھلا یہ غریب قوم
پھانسی پہ خود ہی چڑھنے لگی بے صلیب قوم
جاہل تھی من وسلوی سے انکار کردیا
نعمت ملی تو اس کو بھی بے کار کردیا
لڑنے کی بات آئی تو تکرار کردیا
یوں ہر قدم پہ ظلم کا انبار کردیا
ملعون یوں ہوئی کہ تکبر میں مست تھی
پستی میں ڈوبتی گئی ذلت پرست تھی
بندر بنایا رب نے کہ ظلمت میں سخت تھی
یعنی کہ بود ہوگئی حالاں کہ ہست تھی
موسی کی زندگی سے نصیحت بھی لیجیے
حق کی ہی جیت ہوگی یہ عبرت بھی لیجیے
یعنی غلط سے لڑنے کی قوت بھی لیجیے
چلنا ہے حق کی رہ پہ تو ہمت بھی لیجیے
جینے کی راہ جیت کا عنوان سیکھیے
ہر ہر قدم پہ فتح کا امکان سیکھیے
جنت میں کیسے جائےگا انسان سیکھیے
ساگر کی بات مانیے قرآن سیکھیے

No comments:

Post a Comment