Wednesday 24 September 2014

خرد   
ساگرتیمی
  وہ شام کا وقت تھا ۔  سارے لڑکے لڑکیاں کینٹین میں چائے نوشی کے لیے آیا ئے ہوئے تھے ۔ یہ یونیورسٹی کاعام مزاج تھا ۔ لائبریری سے نکل کر کبیر نے بھی کینٹین کی راہ لی ۔ کینٹین میں جوہی  پہلے سے چائے کا آرڈر دے کر اس کے انتظار میں تھا ۔ کبیر نے چائے لی اور اپنے نئے خوبصورت موبائل کے ساتھ میسجینگ میں مصروف ہو گیا ۔  جوہی  کو برا لگا لیکن وہ جانتا تھا کہ اب اور کچھ ہو بھی نہیں سکتا ۔ اور تھوڑی دیر بعد وہ اس سے معذرت کرتا ہوا نکل گیا ۔ فیس بک کی اہمیت کا احساس اسے اس دن کچھ زیادہ ہی ہو رہا تھا ۔
   " میں تہمیں فیس بک پر دیکھتی رہی ہوں "
"اچھا ؟"
" تم بہت اچھے لگتے ہو "
" تصویر میں یا سچ مچ؟ "
" دونوں جگہ "
" تو ؟ "
" میں تم سے ملنا چاہتی ہوں اگر تمہیں مجھ سے مل کر خوشی  ہو "
" ٹھیک ،کل شام چائے پر ملتے ہیں "
     کبیر نے اسے ہلکے میں لینے کی کوشش ضرور کی تھی ۔ لیکن اب اسے شام کا انتظارشدت سے تھا ۔اس کی باتوں سے اس کی لیاقت بول رہی تھی ۔ اس نے بغیرملے ہی اسے اپنا گرویدہ بنا لیاتھا ۔ اس کی طبیعت نے بارہا اسے اکسا یا کہ وہ اس سے بات کرے لیکن در اصل وہ ہمت نہ کرسکا۔  اسے لڑکیوں سے باتیں کرنے اور ان کے ساتھ  چھیڑ کرنے کی عادت سی تھی لیکن اس مرتبہ اس کے دل کی کشتی خود ہی ڈانواڈول تھی ۔  فلسفےدم توڑ چکےتھے اور ترکیبوں کا کوئی مطلب بھی  نہیں تھا  ۔
     دوسرے دن کی  شام گوری رنگت کی ایک چلبلی سی لڑکی اس کے سامنے تھی ۔ میانہ قد ، چوڑی پیشانی، چمکداربولتی ہوئي آنکھیں اس کے بھولے  سے چہرے پر سلیقے سے سجی ہوئی تھیں ۔ اس پر اس کے پتلے سے دونوں لب جیسے پھول کی  دو پتیاں ۔ اس نے اس کے سراپے پر ایک نطر ڈالی اور اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہ پاتا اس نے کہا " ہائے میں ۔۔۔۔۔۔۔۔"
" اور میں کبیر ۔۔۔۔۔۔"
چائے لیتے ہوئے دونوں کی گفتگو آگے بڑھنے لگی جیسے ملاقاتوں کا یہ سلسلہ پچھلے کئی مہینوں سے چل رہا ہو ۔ کبیر نے دوسری بار اس کے مقابلے اپنی شکست قبول کی ۔ بولتے ہوئے اس کے دانتوں کی چمک اور مسکراتے ہوئے اس چہرے کی دمک نے اسے کہیں کا نہيں چھوڑا تھا  ۔ آج اسے بھی اپنے سمارٹ ہونے کا احساس ہو رہا تھا کہ بہر حال پہل تو اسے نے کی تھی ۔  اس کے خیالات کی دنیا پھیلتی چلی گئی۔ اور دل کے دریچوں سے خوشبوؤں کی آمد سی ہونے لگی ۔ اورپھر وہ اس کے ساتھ کچھ ایسے آئی جیسے بہار نہ جانے کے لیے آگئی ہو ، جیسے نسیم کے چلنے کا سلسلہ رکے گا نہيں ،  جیسے صبح و شام کے یہ حسین نظارے کبھی فنا نہیں ہوںگے ، جیسے گلاب کے اوپر صبح کے وقت  شبنم کے حسین قطرے گرتے رہینگے ۔ 
     اس کا نام نورین  تھا ۔ ہندو ماں اور کمیونسٹ باپ کے بیچ پروش پانے والی اس لڑکی کے اندر غضب کا حسن جمع ہو گیا تھا ۔ ایک طرف اس کے اندر پرانے ہندو خاندان کی تہذيب تھی  تو دوسری طرف کمیونسٹوں کی سی روشن خیالی ، لاابالی پن اور زبردست سماجی شعور ۔ یونیورسٹی کے اندر اپنے شروعاتی دنوں میں اس نے بایاں محاذ کی  پارٹیاں بھی جوائن کی تھی ۔ اسی لیے بولنے کے معاملے میں خاصی بے باک اور اپنے نکتے واضح کرنے کے سلیقہ سے آراستہ تھی ۔ سیاست ، سماج ، مذہب اور جرائم کی نفسیات پر گفتگوکرتےہوئےاس کی سنجیدگي کےساتھ ہی اس کے نکتے اس کی غیر معمولی ذہانت کے گواہ ہوتے ۔
         کبیر جب اپنے دوستوں کے ساتھ اس کی باتیں شیئر کرتا تو اس کے دوست مسکرا کر رہ جاتے جیسے انہیں یقین ہی نہ ہو لیکن جب وہ اس سے مل لیتے تو پھر کبیر کی خوش نصیبی  پر رشک کا اظہار ضرور کرتے اور یہ بات کبیرکو بہت اچھی لگتی ۔ ان میں سے ایک نے جب یہ کہا کہ اسے نورین کی بجائے خرد کہا کرو تو اسے یہ نام بہت پسند آیا اور پھر نورین خرد بن گئی ۔ بات یہ تھی کہ خود نورین کو بھی اپنی شخصیت سے جڑی یہ تعریف اچھی لگتی تھی ۔ ایسے کبیر ایک عام سا طالب علم تھا ۔ سیاست ، مذہب اور فلسفہ سے اسے کوئی زیادہ سروکار نہیں تھا ۔ وہ اپنے سبجیکٹ میں اچھا تھا اور دیکھنے میں ایسا کہ لڑکیاں اعتماد سے اپنی سہیلیوں سے اس کے بارے میں اپنے عشق کا قصہ بیان کرسکیں ۔ خرد کو اس کے مردانہ وجاہت نے ہی اس کے اتنا قریب کردیا تھا ۔
        خرد کی یادداشت بلا کی تھی  ۔ اسے پڑھنے کا بھی شوق بہت تھا ۔ کبیر اسے اپنے موضوع پر لاکر بات کرتا کہ لٹریچر میں تو کم از کم اپنی برتری ثابت ہو لیکن وہ ادب پر گفتگو کرتے ہوئے بھی کہيں سے کمزور نہ پڑتی ۔ خرد کی باتیں سن کر اسے " لندن کی ایک رات " کی شیلا گرین یاد آجاتی۔ ایک روز اس نے اس سے کہا ۔
" کبیر ! ہم سب اس دنیا میں کیوں آئے ہیں؟ "
" خرد ! مجھے اس قسم کے سوالات الجھن میں ڈالتے ہيں ۔ اس لیے میں اس طرف سوچتا بھی نہیں "
" لیکن یہ مسئلے کا حل تو نہيں ہے  نا "
" ہاں ، لیکن میں بے مطلب الجھنا بھی نہیں چاہتا ۔ یوں بھی ہم سے پہلے لوگ سب کچھ کر کراکر تھک چکے ہيں "
" لیکن اس سے ہماری ذمہ داری ختم تو نہيں ہو جاتی ۔"
" خرد ! میں جب کبھی اس پر سوچتا ہوں کنفیوزڈ ہو جاتا ہوں "
" تو یہ کرو نا کہ سوچنے کی بجائے بس کرنا شروع کردو ۔ کوئي ایسا کام جس میں سب کی بھلائی ہو ۔ ہماری تمہاری اور سب کی ۔ میرا مطلب ہے انسانوں کی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔"
      اسی درمیان کبیر کی  کال آگئی اور اسے وہاں سے نکلنا پڑا ۔  
اس بیچ وہ دونوں کئی بارملے ۔ باتیں ہوئیں ، مناقشے ہوئے ، بحث و تکرار میں لڑائی کی نوبت بھی آئی لیکن ان کی محبت پروان بھی چڑھتی رہی ۔ خرد اس درمیان یہ کوشش کرتی رہی کہ کبیر زندگی کے اس افادی پہلو کو سمجھے جس پر وہ ایمان رکھتی ہے ۔ اس کبیر سے بلا کی محبت تھی اور اس معاملے میں اس کا کوئي اختیار بھی نہیں تھا لیکن وہ یہ نہیں چاہتی تھی کہ اس کا ہم سفرایک عام سے فکر کا آدمی ہو جو بس کمانے کھانے کو زندگی سمجھتا ہو ۔
 کئي  دنوں بعد خرد نے باتوں باتوں میں کبیر سے پوچھا ۔
" کبیر ! ایسے تم کرنا کیا چاہتے ہو ؟ "
" پہلے تو بہت زیادہ متعین ہدف نہیں تھا ۔ بس نوکری کرنا چاہتا تھا لیکن اب ۔۔۔۔۔۔"
"لیکن اب ۔۔۔۔۔۔۔۔؟"
" اب تم سے ملنے کے بعد مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے تمہارے نظریے سے اختلاف کرنا آسان نہیں تو کیوں نہ تسلیم ہی کرلیا جائے "
 خرد کی آنکھوں میں بجلی کی سی چمک آئی۔ اس نے اس کے ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر اسے پیار سے دباتے ہوئے کہا ۔
" کبیر اب تک تم اپنی مادی شخصیت کی وجہ سے میرے لیے مرکز توجہ تھے ۔ میں نے جب تمہیں دیکھا تھا تم مجھے سمارٹ کے ساتھ ہی ذہین لگے تھے ۔ لیکن آج جب تم نے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا ہے مجھے ایسا لگتا ہے کہ مجھے پوری دنیا مل گئی ۔ جان من ! تم اس راستے پر آگے بڑھو ، تمہاری  خرد سدا تمہارے ساتھ  ہوگی ،ہم اس دنیا  کو بدلینگے ۔ اونچ نیچ ، بھید بھاؤ اور تفریق کی لعنت کے خلاف ہم لڑینگے ۔ ہم سیاست کا مفہوم بدلینگے ۔ کبیر آج میں حد سے زیادہ خوش ہوں ۔ آج میں اپنے پاپا سے کہ سکوں گی کہ میں نے ایک ایسے مرد کو چنا ہے جو ان کی طرح ترقی پسند خیالات کا مالک ہے اور جو اپنی کوششوں سے بہتر سماج بنانے کا خواہشمند ہے  "
" ہاں خرد ! میں تم سے وعدہ کرتاہوں کہ اب یہ زندگی ایک مقصد کے تحت چلے گی۔ تمہارا ساتھ رہا تو میں پہاڑوں سے گزر جاؤنگا  "
" کبیر! میں نے تمہیں منتخب کیا تھا ۔ تم میرا یقین مانو کہ وہ بھی میری خود اعتمادی تھی ۔ تم یہ سوچ کر خوش ہو سکتے ہو کہ تہمیں ایک لڑکی نے چنا لیکن میں یہ سوچ کر بہت خوش ہوں وہ لڑکی میں تھی اور میرے دل نے جو کہا وہ میں نے کرنے کی کامیاب کوشش کی ۔ اے کاش میری ہی طرح اس دیش کی ہر لڑکی کو اس کی اپنی  پسند سے اپنی زندگی کا ہم سفر چننے کی آزادی حاصل ہو تی ۔ "
" خرد ! ہم لڑینگے اس آزادی کے لیے ، تمہارے لیے ،اپنے لیے،سب کے لیے"
       پھر وہ دونوں خود اعتمادی ، اپنی مدد آپ اور انسانیت کی بھلائی کے بارےمیں دیر تک باتيں کرتے ۔ لمبی چوڑی اور کبھی ختم نہ ہونے والی باتيں ۔ " کبیر ! میں ایسے لوگوں کو نکما اور فالتو سمجھتی ہوں جو اپنا کام خود نہيں کر سکتے ۔ میں نے اپنی ایک لڑکی دوست سے اپنا تعلق اس لیے توڑ لیا کہ وہ ایک لڑکے کو چاہتی تھی اور  وہ یہ چاہتی تھی کہ میں اس لڑکے تک یہ بات پہنچاؤں کہ میری دوست اس پر مرنے لگی ہے ۔ میں نے اسے صاف لفظوں میں کہا تھا  کہ یہ ذلیل حرکت مجھ سے نہيں ہوگی ۔ اگر اس کے  اندر ہمت ہے تو جا کر اظہار عشق کرے ورنہ آہیں بھرنے والوں اور دکھڑا سنانے والوں سے مجھے کوفت ہی  ہوتی ہے ۔" اور کبیر مسکرائے بغیر نہيں رہ سکا تھا ۔
       آج سالوں بعد جب سماج سدھار کے کام میں کبیر کی شناخت بن گئی تھی ۔ عورت ، بچہ اور پسماندہ لوگوں کے حقوق کے لیے لڑائی جاری تھی اور کبیر کو ایک آئیکن کے روپ میں دیکھا جارہا تھا ۔ غریب لوگ اسے مسیحا سمجھ رہے تھے  ۔ اپنے آنگن میں بیٹھا کبیر خرد کی گود میں گلکاریاں لے رہے اپنے بیٹے کو پیار بھری نظروں سے دیکھ رہا تھا اور خرد محلے کے ایک لڑکے کو سمجھا رہی تھی کہ اگر تم امتحان پاس کرنے کے لیے سفارش کے محتاج ہو تو بتاؤ زندگی کے امتحان کیسے پاس کروگے ۔ اور اسے وہ منظر بہت شدت سے یاد آرہا تھا جب خرد نے اس کے ایک دوست سے بات کرتے ہوئے کہا تھا ۔ " جوہی  ! اگر وہ لڑکی تمہيں اچھی لگتی  ہے تو جاؤ اس سے خود اپروچ کرو ۔ جب ایک  معمولی لڑکی  سے اپنی بات نہيں کہ سکتے تو اس ظالم دنیا کے سامنے تمہاری زبان کیسے کھلے گی ۔ یوں بھی مجھے دلوں والا کام بالکل بھی پسند نہيں " ۔









     





Monday 15 September 2014

سیاست کیجیے لیکن سنبھل کر
ثناءاللہ صادق تیمی ، ریسرچ اسکالر جواہر لال نہرو یونیورسٹی ، نئی دہلی
   اناؤ سے لوک سبھا کے ممبر پارلیامنٹ جناب ساکشی مہاراج نے الزام لگایا ہے کہ مدارس کے اندر صرف دہشت گردی کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ اگر یہ مدارس حب الوطنی سکھاتے ہیں تو ان پر ترنگا کیوں نہیں لہرایا جاتا ؟ ساتھ ہی انہوں نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ ہے لو جہاد کے لیے مسلم ممالک یہاں کے نوجوانوں کو مالی مدد فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ سکھ لڑکیوں سے شادی کرنے کے لیے 11 لاکھ روپے ، ہندو لڑکی سے شادی کرنے کے لیے 10 لاکھ روپیے ، جین لڑکیوں سے شادی کرنے کے لیے 8 لاکھ روپیے اور دیگر برادری کی لڑکیوں سے شادی کرنے کے لیے 6 لاکھ روپیے دیئے  جاتے ہیں ۔
   ابھی یوپی کی صورت حال انتہائي درجے میں پریشان کن ہے ۔ پورا ملک بالعموم اور اترپردیش بالخصوص آگ کے شعلوں پر کھڑا ہے ۔ بی جے پی کے بڑے بڑے نیتا گمراہ کن اور بھڑکیلے بیان داغ رہے ہيں ۔ ان کو معلوم ہے کہ اسی طرح سے ووٹ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ ووٹ کی اس سیاست میں البتہ نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی بولتی نہ جانے کیوں پوری طرح بند ہے ۔ ہمارے دیش کے نئے وزیر اعظم جنہیں اپنے بارے میں ایک پر ایک خوش گمانیاں ہيں ،اچھے دن لانے والے  وکاش پرش اس پوری صورت حال پر نہایت سمجھداری سے خاموشی کی چادر تانے ہوئے ہيں ۔ لیکن یہ کس کو معلوم ہے کہ کل کے پیٹ میں کس کے لیے کیا مقدر ہے ۔ اقتدار کا نشہ اتنا بھی نہ چھاجائے کہ آدمی آدمی ہی نہ بچے ۔
اس سے پہلے مرکز میں جب بی جے پی کی حکومت تھی تب اس وقت کے وزیر خارجہ ایل کے اڈوانی، جنہیں آج کل کسی قابل نہیں سمجھا جاتا ، نے بھی مدارس کو اپنے گمراہ کن اور لچر تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اپنی ساری مکارانہ سیاست کے باوجود مدارس کا کچھ بگاڑ نہیں پائے تھے ۔ بی جے پی کے لوگوں کو شاید یہ بات نہیں معلوم کہ اگر مدارس دہشت گردی کے اڈے ہوتے تو پھر اس پورے ملک کا کیا ہوتا ! ساکشی مہاراج اگر ایک دن بھی ایک مدرسے کے اندر چلے جائیں اور وہاں کچھ پڑھ لکھ نہ بھی سکیں صرف وہاں کے ربانی اور روحانی ماحول ، پدارنہ شفقت ، بے مثال محبت اور انسانیت نوازي کا مشاہدہ کرلیں اور ان کے سینے میں دل بھی ہو تومارے شرم کے پانی پانی ہو جائیں کہ انہوں نے کیا کچھ کہ دیا لیکن سوال تو یہی ہے نا کہ نفرت کی سیاست کرنے والوں کے سینے میں دل ہوتا کب ہے ؟ کل اڈوانی جی بھی جانتے تھے اور آج ساکشی مہاراج اور دوسرے وہ نیتا بھی جانتے ہیں جو نفرت اور تفریق کی سیاست کرتے ہیں کہ مدارس کی چہار دیواری میں  قرآن وسنت کی تعلیم دی جاتی ہے ، انسانیت نوازی اور صبر و تحمل کے اسباق پڑھائے جاتے ہیں ، خدمت خلق کی ٹریننگ دی جاتی ہے ، ایمانداری اور صالح اقدار سے بچوں کو لیس کیا جاتا ہے ۔ لیکن حقیقت کے اظہار سے تو سیاست کا چولہا بجھ جائےگا اور  اقتدار کا لڈو مل نہيں پائے گا تو سچ کا اظہار کیوں کیا جائے ؟
         ساکشی مہاراج کے بیان کے اوپر مولانا خالد رشید فرنگی محلی کا بیان آيا ہے کہ مہاراج کو تاریخ نہیں معلوم ورنہ ہندوستان کو آزاد کرانے والے ہمارے پروجوں میں بہت سے  علماء شامل تھے جو انہيں مدارس کے تربیت یافتہ تھے ۔ لیکن میں کہتا ہوں کہ اگر مدارس کے خوشہ چیں علماء آزادی کی لڑائی میں اپنی جانوں کا نذرانہ نہ بھی پیش کیے ہوتے تو بھی کیا مدارس کو یوں ہی دہشت گردی کے اڈوں سے موسوم کرنا جائز ہو جاتا ؟ مدارس کے خوشہ چینوں نے نہ صرف یہ کہ ملک کو آزاد کرایا ہے بلکہ پورے دیش کے سیکولر مزاج کو برقرار رکھنے میں بھی اپنی پوری حصہ داری نبھائی ہے ۔ ہندوستان کے لگ بھگ تمام کے تمام مدارس عوامی چندوں کے سہارے بغیر کسی حکومتی مدد کے چلتے ہیں اور سماج کے غریب، ناداراور بے بس بچوں کی تعلیم وتربیت کا انتظام کرتے ہیں جس کی ذمہ داری ظاہرہے کہ حکومت کی ہے ۔ اس اعتبار سے دیکھیں تو مدارس کتنی بڑی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔ دیش کی بھی اور دیش کی ترقی کے راستے کھولنے کے معاملے میں بھی ۔ ایسے مجھے ذاتی طور پر ساکشی مہاراج کے اس بیان پر ہنسی ہی آئی کہ اگر مدارس کے اندر حب الوطنی کی تعلیم دی جاتی ہے تو ان میں ترنگے کیوں نہیں لہرائے جاتے ؟ میں خود ایک مدرسے کا فارغ ہوں ۔ مجھے آج تک ایک بھی مدرسہ نہيں ملا جہاں پندرہ اگست اور چھبیس جنوری کے موقع سے ترنگا نہ لہرایا جاتاہو اور سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا اور جن من گن کے نغمے  فضائے بسیط میں نہ گونجتے ہوں ۔
    بی جے پی کے راج نیتا بھولتے جارہے ہيں کہ نفرت کی سیاست سے کرسی تو مل سکتی ہے لیکن دیش کا امن غارت ہو جائےگا اور امن و امان کے غارت ہونے کے بعد نہ صرف یہ کہ دیش کی ترقی رکتی ہے بلکہ دیش واسی کی زندگیاں بھی جہنم کا نمونہ بن جاتی ہيں ۔ اتنے سارے مذاہب ، زبانیں اور علاقے والے ملک میں لوگ اگر ایک دوسرے سے ملتے جلتے اور ایک دوسرے کے دین کا احترام کرتے ہيں تو اس کے پیچھے بلاشبہ ہمارے آباءو اجداد کی وہ حکمت پوشیدہ ہے جو انہوں نے اس دیش کو جمہوی اور سیکولر بنا کردکھلایا تھا ۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے ایک مرتبہ کہا تھا کہ اس دیش کو اصل خطرہ اقلیت کی انتہا پسندی سے نہیں اکثریت کی انتہا پسندی سے لاحق ہے ۔ بی جے پی کے راج نیتا آرایس ایس کی رہنمائی میں جس قسم کی سیاست کررہے ہيں اس سے پنڈت نہرو کے خدشات حقیقت کی طرف تیزي سے قدم بڑھانے لگے ہیں ۔ اس طرح کی سیاست نہ تو بی جے پی کے حق میں ہے اور نہ دیش کے حق میں ۔ عوام نے نریندر مودی کی قیادت کواس لیے بھی قبول کیا ہے کہ انہوں نے ترقی اور شفافیت کا وعدہ کیا تھا ، لوگ کانگریس سے اوب چکے تھے اور کوئی دوسرا ملکی پیمانے پر متبادل بھی نہيں تھا ۔ ظلم ، افواہ اور تشہیر کی سیاست پائیدار نہيں ہو سکتی ۔ بی جے پی بھی اس حقیقت کو جتنی جلدی سمجھ لے اس کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا ۔ مجھے نہيں معلوم کہ اس بات کو کتنے لوگ سچ سمجھینگے یا تسلیم کرینگے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ ہندوستانی عوام کی اکثریت امن پسند اور آپس میں محبت کرنے والی ہے ۔ اس ملک کی مٹی میں رواداری ، محبت اور احترام باہم کی خوشبو ملی ہوئی ہے اور یہاں کا پورا تاریخی اثاثہ یہی بتاتا ہے کہ غیر جمہوری ، نفرت خیزاور اشتعال انگیز سیاست وقتی طور پر تھوڑا بہت کامیاب تو سکتی ہے لیکن وہ پائیدار نہيں ہو سکتی ۔ مجھے اپنا ہی شعر یاد آتا ہے ۔

سیاست کیجیے لیکن سنبھل کر

کہيں یہ ملک ہی نہ ڈوب جائے 

Monday 8 September 2014

القاعدہ ، مسلمان اور ہندوستان
ثناءاللہ صادق تیمی ، جواہر لال نہرو یونیورسٹی
    آئے دن ایسی خبریں اور واقعات لگاتار رونما ہورہے ہيں جن سے امت مسلمہ کی بے چین اور ڈانواڈول زندگی میں اضافہ ہی ہو رہا ہے ۔ کبھی بوکو حرام کا مسئلہ سامنے آتا ہے تو کبھی داعش کی فتنہ پروری ، کبھی انڈین مجاہدین کا شوشہ تو کبھی القاعدہ کی بربریت ۔ اور ان سب کے سامنے آنے سے اور کچھ تو نہيں ہوتا ہاں اس امت کی شبیہ بگڑتی ہے ۔ سیدھے سادھے مسلمانوں کو ناکردہ گناہوں کی سزا بھگتنی پڑتی ہے ۔ دینی اور دعوتی سرگرمیوں کے لیے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں ۔ دنیا ایک خاص مشتبہ اور مشکوک نگاہوں سے مسلمانوں کودیھکنے لگتی ہے اور پوری امت خوف کی نفسیات کا شکار ہو جاتی ہے ۔
     القاعدہ کو عالمی سطح پر ایک شدت پسند اور دہشت گرد تنظیم کے طور پر دیکھا جاتا ہے ۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد سے لے کر اب تک یہ تنظیم بطور خاص عتاب کا شکار رہی ہے اور عالمی سطح پر دہشت کی کاروائیوں کے سرے اس سے جوڑے گئے ہیں ۔ اس قسم کے بعض اقدامات کو اس نے خود بھی اپنا کارنامہ مانا ہے ۔ ایسے جب پوری دنیا میں دہشت گردی اور اسلام کو ایک ساتھ ملا کر دیکھا گیا ہے تب بھی عام طور سے یہ بات مانی گئی ہے اور اسے سراہا بھی گيا ہے کہ ہندوستان کے مسلمان دہشت گردانہ تنظیموں سے رابطہ نہيں رکھتے ۔ یہ امن پسند اور صلح جو ہیں اور ہندوستان کی مشترکہ تہذيب اور رواداری کے اصولوں کو مضبوط کرتے ہيں ۔ ایسے میں ابھی جب القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی طرف سے ایک ویڈیو جاری کیا گیا ہے اور اس کے اندر یہ دھمکی دی گئی ہے کہ القاعدہ ہندوستان کے مختلف صوبوں بشمول گجرات میں اپنی شاخ کھولے گا اور اب ہندوستان کو باضابطہ ٹارگیٹ کرے گا تو عالمی سطح پر ایک پریشانی کی کیفیت دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ ملک عزیز کے سمجھدار لوگوں نے حکومت کو چوکسی برتنے اور خفیہ ایجنسیوں کو پوری طرح ہوشیار رہنے کے مشورے دینے شروع کردیۓ ہیں ۔ حکومت نے بھی اس مسئلے کو بڑی سنجیدگی سے لیا ہے اور لگ بھگ کاروائی شروع ہوگئی ہے ۔ اس بیچ اس دھمکی کے آنے کے فورا بعد ہندوستانی مسلمانوں کے سب سے بڑے دینی مرکز دیوبند نے کڑے لفظوں میں اس کی مذمت کی ہے اور یہ کہا ہے کہ ہندوستان کے مسلمان القاعدہ کے ذریعہ پھیلائی گئي گمراہیوں کے شکار نہیں ہونگے ۔
  اس سلسلے میں ہندوستان کے لیڈنگ نیوز پیپرز نے اس کو اپنے ایڈیٹوریل کا موضوع بنایا ہے اور لگ بھگ سارے معتبر انگریزی کے اخبارات نے جہاں اس دھمکی کو سنجیدگی سے لینے کی بات کہی ہے وہيں حکومت اور خفیہ ایجینسیوں سے یہ گزارش بھی کی ہے کہ دیش کے ایک خاص طبقہ ( ظاہر ہے کہ ان کا اشارہ مسلمانوں کی طرف ہے ) کو اس معاملے میں ناجائز طور پر نہ گھسیٹا جائے ۔ اس بات کا خاص خیال رکھاجائے کہ کوئی بے گناہ نہ پھنس جائے ۔ اس اعلان کے بعد ملک کے مسلمانوں کے اندر بطور خاص سراسمیگی پائی جارہی ہے ۔ ظاہر ہے کہ ان کے اس خوف کو بے وجہ بھی نہیں قراردیا جا سکتا ۔ پچھلے کئی سالوں کے تجربات ہندوستانی میڈیا ، خفیہ ایجینسی اور پولیس محکمہ کے  متعصب رویے کی چغلی کھاتے ہیں ۔ اس سلسلے میں اب تک لے دے کر ایک عدلیہ کا ہی معاملہ تھوڑا بہت تشفی بخش نظر آتا ہے جہاں سے مسلمانوں کو انصاف کی امید بھی رہتی ہے اور وہ عدلیہ کی طرف اسی نگاہ سے دیکھتے بھی ہیں ۔
   مسلمانوں کے اندر خوف اس لیے بھی تھوڑا زيادہ گہرایا ہوا ہے کہ ابھی مرکز میں آرایس ایس کے زير نگرانی چل رہی بی جے پی کی حکومت ہے جو عام حالات میں مسلمانوں کے بارے میں بہت اچھے خیالات کی حامل نہیں سمجھی جاتی ۔ نریند مودی کی قیادت میں چل رہی موجودہ حکومت نے جہاں مختلف ممالک سے تعلقات قائم کرنے اور اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے کی سمت کچھ اچھے اقدامات کیے ہیں وہيں یوگی آدتیاناتھ جیسے متنازع فیہ لیڈر اور امت شاہ جیسے ملزمین کو پارٹی میں معمول سے زیادہ اہمیت دے کر ملک کی اقلیت کو عجیب و غریب قسم کی پریشانی میں ڈال دیا ہے ۔ یوپی کے اندر جس طرح سے لو جہاد کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے اور پورے ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پہ جس طرح بانٹنے کی کوشش ہورہی ہے اس نے ملک کے سیکولر اور سمجھدار طبقہ کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے ۔ ہر چند کہ بی جے پی نے لو جہاد کے ایشو کو باضابطہ طور پر اپنے ایجینڈا میں شامل نہيں کیا ہے لیکن ایک خاص طبقے کی طرف سے ایک خاص کمیونٹی کی لڑکیوں کو پھانسنے جیسی بات در اصل لو جہاد کی اصطلاح سے بچنے کے لیے ہی کہی گئی ہے ورنہ پارٹی کے ایجینڈے میں کوئی فرق نہيں آیا ہے ۔ پورے دیش میں بڑھ رہے فرقہ وارانہ جنون پر وزیر اعظم مودی کی خاموشی بھی کافی معنی خیز ہو تی جارہی ہے ۔ سیکولرزم کی بجائے ہندوستانی پارلیمنٹ سے اس آواز کا بلند ہونا کہ ہندتوا اس دیش کی پہچان اور فخر ہے ، کم بڑی تشویشنا ک صورت حال کا غماز نہیں ۔ اس پر سے بھارتی جنتا پارٹی کے سربراہ امت شاہ کا یہ بیان بھی پارٹی کے کئی خفیہ ارادوں کی قلعی کھولتا ہے کہ اگر یوپی میں فرقہ وارانہ صورت حال اسی طرح برقرار رہی تو آئندہ حکومت ان کی ہی بنے گی ۔
اس پوری صورت حال میں اگر القاعدہ کی طرف سے اس قسم کا کوئی ویڈیو جاری کیا جاتا ہے جس کے اندر اس ملک کے امن و امن کو سبوتاژ کرنے کی بات کہی جاتی ہے تو اسے کئی زاویوں سے دیکھنے کی ضرورت کا احساس ہونے لگتا ہے ۔ ہر باشعور آدمی جانتا ہے کہ اس قسم کے واقعات کے بعد ہنوستان کے کمزور ، بے بس اور بے گناہ مسلم نوجوان پر ہی غازہ گرتا ہے ۔ اس لیے اگر سے عالمی صہیونی شازش کے طور پر اگر کچھ لوگ دیکھ رہے ہیں تو اسے اتنا بعید ازقیاس بھی نہیں کہا جاسکتا ۔ جبکہ یہ معلوم بات ہے کہ ہندوستان کے شدت پسند فسطائی طاقتوں کا صہیونیوں کے ساتھ سانٹھ گانٹھ بھی رہا ہے اور ایسا کرکے کئی سارے صوبوں میں اقلیت کے خلاف اکثریت کا ووٹ حاصل کیا جاسکتا ہے جس کا ایک تجربہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں ہو بھی چکا ہے ۔
اس انتہائی گمبھیر صورت حال میں جہاں حکومت کی حکمت عملی بہت اہمیت رکھتی ہے وہیں امت کے باشعور اور سربرآوردہ طبقے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جہاں نوجوانوں کے اندر سے خوف کی نفسیات کو کھرچنے کی کوشش کریں وہيں ایسے تعمیری اقدامات بھی کریں جن سے پیشگی طور پر امت کے افراد کو ان منحرف افکار و خیالات کے مالک آرگنائزیشنس سے بچایا جاسکے ۔ وہیں پوری جوانمردی اور مکمل اعتماد کے ساتھ کسی بھی قسم کے  غیر منصفانہ رویے کے مقابلہ کے لیے  ملک کے جمہوری اور سیکولر ڈھانچے کے مطابق خود کو تیار رکھیں ۔ یاد رہے کہ اقلیتوں کو اپنی شناخت ، حقوق اور وجود کی حفاظت کے لے نہ ختم ہونے والی جد و جہد کرنی ہی پڑتی ہے ۔ ہميں اللہ سے دعا بھی کرنی چاہیے کہ اللہ اس ملک کے امن و امان کو قائم رکھے ۔ دہشت پسندوں کے برے ارادوں پر پانی پھیرے اور عالمی سطح پر پریشان امت مرحومہ کی حفاظت کا سامان کرے آمین ۔





Monday 1 September 2014

غزل
ساگر تیمی
ہو ا ہے تیز تو پھر کیا ہوا ہوا ہی تو ہے
خفا ہے  کیا ہوا محبوب کی جفا ہی تو ہے
بھڑکنا ٹھیک نہیں ہے ،نہیں بہتر ہے نو میدی
سزا ہے کیا ہوا ، کٹ جائیگی ، سزا ہی تو ہے
کسی کو آج بھی امید ہے دعا دینگے
بخیلی چھوڑیے ، دیجے دعا ، دعا ہی تو ہے
یہی کچھ کم نہیں آنکھوں میں ہے حیا باقی
قبول کیجیے ، حسن نظر ، حیا ہی تو ہے
زباں ہے اور ہے قوت کہ بولتے جائيں
مٹےگا  ظلم کہ قوت یہی صدا ہی تو ہے
اٹھاکے پھینک دی شیشی غریب بچے نے
دوا کیا کروں ، اہل نظر ، دوا ہی تو ہے
مگر اک آپ ہيں ساگر کہ چپ نہيں رہتے
بہت مت بولیے باتوں  کا کیا ، نوا ہی تو ہے